لکھنؤ، 11؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر انو پریا پٹیل کے بعد اب بی جے پی لیڈر سوامی پرساد موریہ پر بھی دارالحکومت لکھنؤ میں حکم امتناعی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔حضرت گنج کے کوتوال وجی مل یادو نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ علاقے میں دفعہ 144کے تحت حکم امتناعی نافذ ہونے کے باوجود کل ہوائی اڈے سے بی جے پی کے دفتر کے درمیان روڈشو کے دوران موریہ کے لمبے قافلے کی وجہ سے حکم امتناعی کی خلاف ورزی ہوئی، اس کے نتیجے میں ٹریفک نظام میں خلل پیدا ہو ۔اس دوران موریہ کے حامیوں نے ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی خوشی میں سڑک پر پٹاخہ بھی پھوڑا ۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں موریہ اور دیگر لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 341اور 188کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ اس سے قبل گذشتہ 7 ؍اگست کو صحت اور خاندانی بہبود کی وزیر مملکت انو پریا پٹیل کے خلاف بھی حکم امتناعی کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔